بنگلورو،6؍نومبر(ایس او نیوز) ریاستی حکومت امسال دیپاولی تہوار کے دوران کورونا وائرس کے سبب آتش بازی پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔ یہ بات ریاستی وزیر صحت و میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر سدھاکر نے کہی۔
جمعرات کے روز ودھان سودھا میں ماہرین صحت کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا سے اس سلسلہ میں بات چیت کے بعد یہ طے کیا جائے گا کہ روا ں سال کورونا وائرس سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے دیپاولی تہوار میں آتش بازی پر پابندی لگا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دیپاولی تہوار کے ساتھ ساتھ سردیوں کا موسم بھی شروع ہو چکا ہے، اس لئے انہوں نے تیاریوں پر غور کرنے کے لئے ماہرین کے ساتھ میٹنگ کی، جس میں مختلف امکانا ت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حال میں سرا اور راجا راجیشوری نگر اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوئے،حکومت نے طے کیا ہے کہ ان دونوں حلقوں میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس ٹیسٹ کیا جائے، تاکہ اس سے متاثر ہونے والوں کی نشاندہی کر کے ان کا علاج کیا جا سکے اور ان کے ذریعے دیگر لوگوں میں اس وباء کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ماہرین نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ کورونا وائرس کا بحران جب تک قابو میں نہیں آجاتا اس وقت تک گرام پنچایتوں کے انتخابات کو مؤخر رکھا جائے۔
سدھاکر نے کہا کہ ماہرین نے میٹنگ کے دوران مشورہ دیا کہ اس بار دیپاولی میں آتش بازی پر روک لگانا اس لئے بھی ضروری ہے کہ آتش بازی کے سبب ماحول میں جو دھواں پھیلتا ہے، اس سے انسانی پھیپھڑے متاثر ہو تے ہیں۔ اس لئے حکومت کی طر ف سے یہ ہدایت زیر غور ہے کہ دیپاولی تہوار کو سادگی سے منایا جائے۔وزیر صحت نے کہا کہ ایک بار کوئی اگر کورونا سے متاثر ہو جائے اس میں بھلے ہی علامتیں نہ ہوں ماہرین کے مطابق ایسے فرد میں مدافعتی نظام کمزور ہو جاتا ہے اور اگر وہ دوسری بار کورونا وائرس کی زد میں آجائے تو اس کے لئے زیادہ پریشانی کی بات ہو گی۔ لیکن اگر کسی کو پہلی بار کورونا وائرس کے حملے کے دوران حالات میں کافی بگاڑ ہو تو ان کی مدافعتی قوت میں کوئی فرق نہیں پڑتا، اس لئے انہیں بھی کورونا وائرس کے دوسرے حملہ سے بچنے کے لئے زیادہ احتیاط برتنی چاہئے۔